عوام کو ترقی کے ثمرات ضرور ملیں گے ,فیصل راٹھور

اسلام آباد (خبرنگار) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے حویلی کے نمائندہ وفد نے ٹھیکیدار طارق خان کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں پرنسپل خالد خان، چیف ایڈیٹر جنت نظیر اعجاز خان، حاجی خورشید ۔حاجی رفیق ۔ شبیر خان ۔عالمگیر خان ،ڈاکٹر طارقو محمود ۔ٹھیکیدار شریف خان ،شکیل خان یوسفزئی ،منظور خان ،حسن اعجاز خان،عامر رفیق خان و دیگر بھی موجود تھے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حویلی سمیت آزادکشمیر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور حویلی کے عوام کو ترقی کے ثمرات ضرور ملیں گے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کی جائیں گی۔وفد نے وزیراعظم کو حویلی کے عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قبل ازیںآزاد جموں و کشمیر کے وزیرا عظم فیصل ممتاز راٹھور سے انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ و نامزد تمغۂ امتیاز زاہد مغل اور صابر مغل نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر ملک بھی موجود تھے۔ زاہد مغل نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران اوورسیز کنونشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزاد کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں جو نہ صرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی صفِ اول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کنونشن کا انعقاد بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کو ریاستی ترقی کے عمل میں شامل کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اوورسیز کشمیریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ان کی تجاویز کو پالیسی سازی کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔زاہد مغل نے اوورسیز کنونشن کے انعقاد کے سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

 

Comments (0)
Add Comment