خلیجی ممالک میں خطرناک طوفان کی آمد، تیز بارشوں اور آندھی کا الرٹ جاری
ریاض: خلیجی خطے میں ایک طاقتور طوفان کی پیش رفت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جہاں ماہرین موسمیات نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں شدید موسمی حالات کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں تیز بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے شدید بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں بھی خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔دوسری جانب امارات میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ لوگ ریت کی بوریاں خرید رہے ہیں اور پلاسٹک شیٹس کے ذریعے گھروں کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ادھر اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔ حکام نے مساجد کے آئمہ کرام کو بھی ہدایت کی ہے کہ اذان کے بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں تاکہ لوگ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ جہاں مساجد میں نماز ادا کی جا رہی ہو وہاں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ظہر اور عصر کی نمازیں جمع کر کے ادا کی جائیں، اسی طرح مغرب اور عشاء کی نمازیں بھی اکٹھی پڑھی جائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔